داخلی سلامتی کا نیا سربراہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر بش نے اپیل عدالت کے جج مائیکل چیرتوف کو داخلی سلامتی کے شعبے کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔ نامہ نگاروں کے مطابق مسٹر مائیکل چیرتوف نے بش انتظامیہ کی دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سابق پولیس کمشنر برنارڈ کیرِک نے گزشتہ ماہ اس لیے اپنا نام واپس لے لیا تھا کیونکہ ان کے گھریلو ملازم کے امیگریشن سٹیٹس پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ بش انتظامیہ کو مسٹر چیرتوف کی تقرری کی منظوری امریکی سینیٹ سے لینا ہو گی۔ اس سے پہلے سن دو ہزار ایک سے دو ہزار تین تک مسٹر چیرتوف امریکی محکمہ انصاف کے کریمینل ڈویژن کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق مائیکل چیرتوف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں کیے گئے کئی متنازع فیصلوں میں اہم کردار ادا کیا۔ انسانی آزادیوں کے لیے کام کرنے والے کارکن ان پر آزادیِ اظہار اور ملزمان کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہیں۔ مائیکل چیرتوف ٹام رِج کی جگہ لیں گے جنہیں داخلی سلامتی کا ادارہ قائم ہونے کے بعد اس کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||