ریاض:جھڑپ میں شدت پسند ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریاض میں سعودی سکیورٹی دستوں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شدت پسند اور ایک عام شہری کی ہلا کت کی اطلاعات ملی ہیں۔ یہ واقعہ منگل کی شام کو پیش آیا۔ سکیورٹی دستوں کی جانب سے پہلے کہا گیا تھا کہ ایک پٹرول سٹیشن پر ہونے والی اس جھڑپ میں تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جھڑپ میں ہلاک ہونے والا شہری پٹرول سٹیشن پر ملازم تھا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کے دو حامیوں نے نے ایک چھاپے کے دوران پولیس پر فائرنگ کی۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ منگل کو ہونے والی جھڑپ میں ایک شدت پسند زخمی بھی ہوا ہے تاہم شدت پسندوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ سکیورٹی دستوں نے ایک کار کا پیچھا کیا جس میں دو مشتبہ افراد سوار تھے۔وہ کار ریاض کے رہائشی علاقے میں ایک پٹرول سٹیشن پر رکی۔ جب سکیورٹی اہلکار کار کے نزدیک پہنچے تو ان پر فائرنگ کر دی گئی‘۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مشتبہ کار سے خود کار ہتھیار، گولہ بارود اور جعلی کاغذات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں پولیس نے مئی 2003 سے اسلامی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔اس کارروائی کے آغاز سے اب تک بہت سے شدت پسند اور سکیورٹی اہلکار جھڑپوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||