موصل: سترہ عراقی فوجی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عراق کے شمالی شہر موصل میں عراقی سکیورٹی افواج کے سترہ اہلکاروں کی لاشیں دریافت ہوئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کو دریافت ہونے والی یہ لاشیں ان پندرہ لاشوں کے علاوہ ہیں جو کہ جمعہ کو ملی تھیں۔ موصل سے گزشتہ دس روز کے دوران پچاس سے زائد لاشیں مل چکی ہیں۔ امریکی اور عراقی افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے موصل شہر پر دوبارہ قبضے کی کوششوں کے دوران چالیس سے زیادہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ادھرانتخابات کی تاریخ کے قریب آنے کے ساتھ ہی عراق میں سکیورٹی کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے۔ عراق کے عبوری نائب وزیرِاعظم برہام صالح نے انتخابات کی تاریخ میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ قانون کے تحت انتخابات ملتوی نہیں کیے جا سکتے۔ لیکن میں نے بارہا کہا ہے اور اب بھی کہ رہا ہوں کہ مقررہ تاریخ پر انتخابات کا انعقاد نہایت مشکل کام ہے‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ اگرچہ تیس جنوری کو انتخابات کا انعقاد ایک مشکل کام ہے لیکن انتخابات میں تاخیر سے سیاسی عمل میں دراڑیں پڑ سکتی ہیں اور ہم دہشت گردوں کو حالات سے کسی بھی قسم کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہتے‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||