بغداد: چار نیپالی گورکھے قتل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک برطانوی کمپنی کے لیے کام کرنے والے چار سابق نیپالی گورکھوں کو بغداد کے محفوظ ترین علاقے گرین زون میں قتل کر دیا گیا ہے۔ ’گلوبل رسک سٹریٹیجیز‘ نامی کمپنی نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات کو رونما ہونے والے اس واقعہ میں پندرہ کارکن زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کمپنی نے مرنے والوں کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے اور بتایا ہے کہ مرنے والے گورکھوں کے رشتہ داروں کومطلع کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے مزید تفصیلات جاری نہ کرتے ہوئے صرف اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مارے جانے والے گورکھے تھے۔ ’گلوبل رسک سٹریٹیجیز‘ کے ترجمان ٹم برائن نے کہا کہ’ ہم تحقیقات کے مکمل ہونے تک واقعہ کی تفصیلات نہیں بتا سکتے‘۔ گرین زون میں ہی ہونے والے ایک اور واقعہ میں چار افراد راکٹ کے ایک حملے میں مارے گئے۔ بغداد میں واقع گرین زون عراقی انتظامیہ کا مرکز ہے اور اسی علاقے میں امریکی سفارت خانہ اور دوسرے غیر ملکی دفاتر بھی واقع ہیں۔ ’گلوبل رسک سٹریٹیجیز‘ کے تحت مختلف قومیتوں کے پندرہ سو افراد عراق میں کام کر رہے ہیں۔ نومبر کے اوائل میں اس کمپنی کے لیے کام کرنے والےایک سابق برطانوی پولیس اہلکار جان بیکر بھی بغداد ائر پورٹ پر ایک خود کش حملے میں مارے گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||