بغداد:مسجد پر چھاپہ، تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں امریکی اور عراقی فوج کے ایک آپریشن میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عراقی سکیورٹی افواج نے بغداد کی ایک اہم مسجد پر چھاپہ مارا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب 300 کے قریب عراقی نیشنل گارڈز نمازِ جمعہ کے بعد مسجدِ ابو حنیفہ میں داخل ہوئے۔ مسجد کے امام سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جھڑپ میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ عراق کی عبوری حکومت نے کہا ہے کہ وہ مذہبی رہنماؤں سمیت ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے جو لوگوں میں اشتعال پھیلاتے ہیں۔ شہر کے مرکز کے نزدیک واقع یہ مسجد امریکہ اور اتحادی فوج کے مخالفین کا مرکز سمجھی جاتی ہے۔ بغداد میں ہی کار بم دھماکے کے ایک واقعہ میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت اور کئی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ملی ہے۔ ادھر فلوجہ میں امریکی جنرل کے اس بیان کے باوجود کہ مزاحمت کاروں کی کمر توڑ دی گئی ہے، لڑائی جاری ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارہ مہاجرین کے مطابق فلوجہ کی لڑائی سے ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ وہ فلوجہ میں امدادی کاروائیوں کے لیے مزاحمت کاروں کی اجازت کے بغیرداخل نہیں ہو سکتے۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک کی لڑائی میں اکیاون امریکی فوجی ہلاک اور چار سو پچیس زخمی ہو چکے ہیں جبکہ امریکی فوج نے بارہ سو مزاحمت کاروں کی ہلاکت اور ایک ہزار کو قیدی بنانے کا دعوٰی کیا ہے۔ فلوجہ میں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||