بغداد:63 گرفتار، فلوجہ پرفضائی حملے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں امریکی فوج نے فلوجہ میں پھر سے فضائی حملے کیے ہیں جن میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلوجہ پر فضائی حملوں کی یہ دوسری کارروائی تھی۔ اس سے پہلے امریکی اور عراقی فوج نے بغداد کے وسط میں حیفہ سٹریٹ کا محاصرہ کر لیا جہاں سے شدت پسندوں نے امریکہ کے زیرِ کنٹرول گرین زون پر مارٹر حملے کیئے۔ گرین زون میں عراقی وزارتوں کے دفاتر کے علاوہ امریکی اور برطانوی سفارت خانے بھی واقع ہیں۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی اس فوجی کارروائی اور محاصرے کے دوران امریکی اور عراقی پولیس نے 63 مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حیفہ سٹریٹ کے علاقے میں جو افراد گرفتار ہوئے ہیں ان میں شامی، لبنانی اور دوسرے شامل ہیں۔ امریکی اور عراقی فوج کی کارروائی کے دوران آتشگیر مادے سے بھری ہوئی ایک کار رشید سٹریٹ کے علاقے میں پولیس کے ایک قافلے سے ٹکرا گئی جس سے پولیس کے تین اہلکار ہلاک اور سینتیس زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل امریکی فوجوں نے دریائے دجلہ کے قریب ایک کار پر فائرنگ کر کے فوجی چوکی پر خود کش بمبار حملے کو ناکام بنا دیا۔ ادھر کل فلوجہ پر امریکی طیاروں کی بمباری کے بعد نئی کارروائی میں تین مزید افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ تازہ حملہ اردنی شدت پسند معصب الزرقاوی کے ساتھی مزاحمت کاروں کے خلاف تھا۔ اس سے پہلے امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فلوجہ اور رمادی کے ان علاقوں میں واقع عمارتوں پر حملے کر کے جن میں الزرقاوی کے ساتھیوں نے ٹھکانے بنا رکھے تھے، ساٹھ افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ تاہم وزراتِ صحت کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد چوالیس تھی۔ امریکی فوج نے اپنے ایک فوجی کے مارے جانے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||