بغداد: بم دھماکے میں سات ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک کار بم حملے میں سات افراد ہلاک اور انیس زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکہ مغربی منصور ضلع میں العربیہ ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر ہوا۔ العربیہ کے ایک نمائندے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے تین افراد کی لاشیں اس قدر بری طرح جھلس گئی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ’1920 ریولیوشن بریگیڈ‘ نامی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اے پی کے مطابق اس تنظیم نے اپنی ویب سائٹ پر العربیہ چینل کے خلاف عراق پر امریکی قبضے کی ترجمانی کا الزام لگایا ہے۔ دھماکہ کی شدت سے عمارت کی پہلی منزل تباہ ہو گئی اور آگ لگ گئی۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق کچھ شدت پسند تنظیمیں العربیہ پر مغرب کی نمائندگی کا الزام لگاتی ہیں۔ بغداد میں العربیہ کے بیورو چیف نے کہا کہ العربیہ درست خبریں نشر کرنے کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||