زرقاوی کے قریبی ساتھی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے اُردن سے تعلق رکھنے والے شدت پسند ابو مصعب الزرقاوی کے ایک قریبی ساتھی کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ زرقاوی کے ساتھی فلوجہ میں کی گئی ایک فضائی کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ امریکی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے طیاروں نے منگل کی صبح تین بجے فلوجہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے بارے انہیں معلوم تھا کہ اسے الزرقاوی پناہ کے لیے استعمال کرتے تھے۔ الزرقاوی کی توحید والجہاد تنظیم پر عراق میں لوگوں کو اغوا کر کے سر قلم کرنے اور خود کش حملے کرنے کا الزام ہے۔ امریکی فوج نے کچھ عرصے سے الزرقاوی کی تنظیم کے خاتمے کے لیے فلوجہ میں حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ الزرقاوی نے حال ہی میں اسامہ بن لادن کے ساتھ وفاداری کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے ان کے اس کے اعلان کو کمزوری کی نشانی بتایا تھا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ ان کی کارروائیوں سے الزرقاوی کی تنظیم کے حملہ کرنے کی صلاحیت پر اثر پڑا اور وہ اب پہلے جتنی مؤثر نہیں رہی۔ اس کا کہنا ہے کہ الزرقاوی کے ساتھی فلوجہ سے نکل کر شہریوں میں غائب ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنیچر کو امریکہ نے الزرقاوی کے ایک اور قریبی ساتھی کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے الزرقاوی کی گرفتاری پر پچیس ملین ڈالر کا انعام رکھا ہے۔ لیکن فلوجہ شہر میں ذمہ دار لوگوں کا کہنا ہے کہ زرقاوی وہاں نہیں ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||