عراق پر حملے، بائیس افراد ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں نے امریکی فوجی قافلے کو دو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں موقع پر موجود پولیس اہلکار کے مطابق سولہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دوسرا بم دھماکہ اس وقت ہوا جب امریکی فوجی پہلے دھماکے کی زد میں آنے والی فوجی گاڑیوں کی مدد کے لیے پہنچے۔ اس کے علاوہ بغداد کے قریب واقع ایک امریکی فوجی اڈے سے راکٹ ٹکرانے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے مگر اس واقعہ کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ عراق کے شمالی شہر موصل کے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اس میں سوار پولیس افسر ہلاک ہو گیا۔ عراق میں ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فلوجہ پر امریکی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی فوج کے بقول حملے میں ابو مصعب الزرقاوی کے حامی شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ حملے کے باعث یہ گھر تباہ ہو گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||