ملوشووچ کے لیے وکیل مقرر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت کے ججوں نے کہا ہے کہ سابق یوگوسلاویہ کے صدر سلبدان ملوشووچ کے دفاع کے لیے ان کی مرضی کے خلاف وکیل مقرر کیا جائے گا۔ طبی ٹیسٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملوشووچ اپنا دفاع کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ جج پیٹرک روبنسن نے کہا کہ اگر ملوشووچ عدالت میں خود اپنا دفاع کرتے رہے تو مقدمہ مزید ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ مسٹر ملوشووچ پر 1990 کی دہائی کے دوران بلقان علاقے میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کے الزامات ہیں۔ مسٹر ملوشیوچ نے فروری 2002 میں مقدمے کے آغاز سے ہی خود اپنا موقف عدالت کے سامنے رکھا ہے۔ وہ بلڈ پریشر اور دل کی تکلیف کے مریض ہیں۔ ان کی صحت اکثر بگڑ جاتی ہے جس کی وجہ سے مقدمہ تقریباً بارہ بار کئی ماہ کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر وہ خود اپنا دفاع کرتے رہے تو ان کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ جج رابنسن نے کہا کہ مسٹر ملوشووچ کے لیے وکیل مقرر کرنے کا فیصلہ انصاف کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ملوشووچ کو اپنا دفاع خود کرنے کا حق ہے مگر یہ حق بےلگام نہیں ہے۔ وکیل استغاثہ جیفری نائیس نے کہا کہ مسٹر ملوشووچ اپنے طبی مسائل کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مسٹر ملوشووچ نے اس فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے اپنی نمائندگی کرنے کے حق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ مگر جج کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عدالت کے قوانین کے تحت کیا گیا ہے۔ عدالت نے اب تک وکیل دفاع کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اب تک یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنا کام کب سے شروع کریں گے۔ بدھ کو وکلاء استغاثہ نے کہا تھا کہ مسٹر ملوشووچ اپنی دوا نہ لینے کی وجہ سے عدالت کا وقت برباد کر رہے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی مرضی کے خلاف مقرر کیے گئے وکیل کے ساتھ مسٹر ملوشووچ تعاون نہیں کریں گے۔ آپ اپنی نمائندگی کرنے کی وجہ سے مسٹر ملوشووچ بار بار عدالت کی تنقید کرنے میں کامیاب رہیں ہیں۔ اگر عدالت ان کے لیے وکیل مقرر کرتی ہے تو وہ یہ نہیں کر سکیں گے اور ان کی صحت خراب ہونے کے باوجود مقدمہ میں پیش رفت کی جا سکے گی۔ ’عدالت کے دوست‘ (’فرنڈس آف کورٹ‘) کی حیثیت سے مقرر کیے گئے تین آزاد وکیلوں کا کہنا ہے کہ وکیل دفاع مقرر کرنا غلط ہوگا اور سزا ہوجانے پر اس کی بنا پر مسٹر ملوشووچ اپیل کر سکتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||