موصل میں مسلح جھڑپیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
موصل میں مسلح نقاب پوشوں اور عراقی پولیس کے مابین کئی جھڑپیں ہوئی ہیں۔ چشم دید گواہوں نے بتایا ہے کہ کئی علاقوں میں نقاب پوشوں نے ان جھڑپوں کے دوران راکٹوں سے بھی گولے پھینکے جن کا نشانہ پولیس والے تھے۔ اس کے علاوہ موصل میں دو عراقی اس وقت ہلاک ہو گئے جب شہر کے وسط میں امریکی فوجی قافلے کی آمد کے موقع پر ایک سڑک کے کنارے بم پھٹا۔ اس قبل منگل کو بغداد میں ہونیوالے بم دھماکوں میں دو امریکی فوجی اور عراقی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مامون پولیس سٹیشن کے سربراہ کرنل محمود بشر دفتر جارہے تھے جب ان کی کار پر بم حملہ کیا گیا۔ وہ ہلاک ہوگئے اور ان کے دو باڈی گارڈ زخمی ہوئے۔ دو امریکی فوجی پیر کی شب اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ علاقے میں گشت کررہے تھے اور ان پر حملہ کردیا گیا۔ ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے۔ منگل کے روز باقوبہ شہر کے باہر ایک کار بم دھماکہ کیا گیا۔ اس کے نشانے پر عراقی نیشنل گارڈ تھے۔ عراقی مزاحمت کاروں نے عراقی پولیس پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||