 |  ہسپتال کے باہر محافظوں کی تعیناتی بھی اس حملے کو نہ روک سکی |
غزہ شہر کے ایک ہسپتال اور جیل خانے پر ہونے والے حملوں میں تین فلسطینی قیدی ہلاک ہو گئے ہیں جو مبینہ طور پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات میں جیل کاٹ رہے تھے۔ قید خانے میں دستی بم پھینکے جانے سے ایک قیدی اور کم از کم پانچ سیکیورٹی والے زخمی ہو گئے۔ بندوق برداروں نے بعد ازاں دو مرتبہ ہسپتال پر حملہ کر کے زخمیوں میں سے دو کو ہلاک کر ڈالا۔ فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ایک محافظ نے پیر کی صبح جیل خانے کے سیکیورٹی کمپاؤنڈ میں ایک دستی بم پھینکا جس سے موسیٰ عودیٰ ہلاک ہو گئے اور زخمیوں کو غزہ شہر کے بڑے ہسپتال میں لے جایا گیا۔ نقاب پوش بندوق بردار اس ہسپتال میں بھی گھس آۓ اور محمد الشریف اور ولید حامدیہ کو ہسپتال کے بستروں میں ہی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ مرنے والوں میں سے کم از کم دو افراد پر اسرائیل کے لحۓ مخبری کا الزام تھا۔ |