اصلاحات کیلئے عرفات پر عالمی دباؤ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے فلسطینی رہنما یاسر عرفات سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی سے متعلق تنازعے پر وہ اپنی حکومت کی بات سنیں۔ عنان نے کہا کہ فلسطینی رہنما کو چاہئے کہ وہ وزراء کی خواہشات کا احترام کریں اور فلسطینی سیکیورٹی فورسز کو ایک مرکزی کمانڈ کے تحت کردیں تاکہ سیکیورٹی سے متعلق حالات قابو میں رہیں۔ عنان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں پرتشدد مظاہروں کے بعد نظم و نسق بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ بحران میں ہے اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کو سیکیورٹی سروسز میں اصلاحات کرنی چاہئیں۔ کوفی عنان کا کہنا تھا کہ فلسطینی انتظامیہ کو چاہئے کہ مصر اور اردن کی حکومتوں کے ساتھ مل کر اصلاحت کرے۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے سفیر تیرجے روئڈلارسن نے فلسطینی انتظامیہ پر تنقید کی تھی کہ تشدد اور شدت پسندی کے خاتمے کے لئے اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔ دریں اثناء امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان رچرڈ باؤچر نے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے لئے یہ اہم ہے کہ اپنے سیکیورٹی فورسز کو بہتر کرے تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور ایسے ادارے پرورش پائیں جن سے فلسطینی ریاست کا قیام ہوسکے۔ پیر کے روز فلسطینی وزیراعظم احمد قریع نے کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد کابینہ کی ایک کمیٹی تشکیل دی جو یاسر عرفات سے موجودہ بحران ختم کرنے اور علاقے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے مذاکرات کرے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||