عراق: تئیس شہری ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں اقتدار کی منتقلی سے چار روز پہلے پُرتشدد کارروائیوں اور اغواء کے مزید واقعات پیش آئے ہیں۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شام بغداد کے جنوب میں ہلہ شہر کی ایک مسجد کے قریب دو گاڑیوں میں ہونے والے بم دھماکوں کے سبب تئیس عراقی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکے اس وقت کیے گئے ہیں جب عربی ٹی وی چینل الجزیرہ نے یہ خبر دی کہ تین ترک کارکنوں کو بظاہر اسی گروہ نے اغواء کر لیا ہے جس نے پہلے دو یرغمالیوں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔ ہلاک ہونے والے یرغمالیوں میں ایک کا تعلق امریکہ اور دوسرے کا جنوبی کوریا سے تھا۔ الجزیرہ پر دکھائے گئے مناظر میں تین افراد کو مسلح افراد کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھے دکھایا گیا تھا۔ اغواء کنندگان کی طرف سے دیئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر ترک کمپنیاں امریکہ کے ساتھ تعاون کرنا ختم نہیں کرتیں تو یرغمالیوں کو بہتر گھنٹوں میں ہلاک کر دیا جائے گا۔ عراق کے عبوری وزیراعظم ایاد علاوی نے متنبہ کیا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں کے سبب اگلے برس جنوری میں ہونے والے انتخابات تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||