 |  انخلا کے منصوبے کی حمایت میں یروشلم میں ہزاروں لوگوں نے جلوس نکالا |
اسرائیلی کابینہ نے وزیراعظم ایریئل شیرون کے غزہ کی پٹی سے انخلا کے متنازعہ منصوبے کی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی تحریک چودہ کے مقابلے میں سات ووٹوں سے منظور کر لی گئی۔ گو کہ فوجوں کی بالآخر واپسی کی منظوری تو دے دی گئی لیکن حکومت نے غزہ کی پٹی سے یہودی نوآبادیوں کو گرانے کے مسئلے پر فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ یروشلم میں بی بی سی کے ایک نامہ نگار کا کہناہے کہ منظوری کے فیصلے سے شیرون کو حکومتی اتحاد برقرار رکھنے میں تو مدد ملے گی تا ہم اس کی اہمیت اتنی نہیں جتنی کہ غزہ کی پٹی سے یہودی نوآبادیوں کو گرانے کے فیصلے کی ہوتی۔ خیال کیا جاتا تھا کہ دو وزراء کی برطرفی کے بعد شیرون معمولی اکثریت سے منصوبہ منظور کرا سکیں گے۔ برطرف وزراء میں سے ایک بینی ایلون برطرفی کا خط نہ لینے کی غرض سے غائب ہوگئے۔ بعد میں وہ اجلاس کے لئے واپس آ گئے مگر اٹارنی جنرل نے انہیں ووٹ ڈالنے سے منع کر دیا۔ |