صدر پراختلاف، اجلاس ملتوی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں امریکہ کی نامزد کردہ گورننگ کونسل نے ملک میں امریکی کردار پر بڑھتی ہوئی برہمی کی خبروں کے تناظر میں، عراق میں نئے صدر کی نامزدگی کے لئے ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ یہ اجلاس امریکی درخواست پر ملتوی کیے جانے کے بعد اب منگل کو منعقد کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق گورننگ کونسل کے ارکان کی اکثریت اس بات کی خواہاں ہے کہ کونسل کے موجودہ سربراہ غازی الیاور کو تیس جون کے بعد عبوری حکومت کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد، نیا صدر مقرر کیا جائے۔ غازی الیاور امریکی اتحاد کی سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ گورننگ کونسل کے مطابق امریکی حکام کونسل کے ارکان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ سابق وزیر خارجہ عدنان پچاچی کو ملک کا نیا صدر نامزد کریں۔ بغداد میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار نے اس امکان کا بھی اظہار کیا ہے کہ امریکی اتحادی نئے صدر کے لئے کوئی اور نام تجویز کریں گے۔ لیکن اس تمام صورتحال سے نامہ نگار کے بقول ان امریکی کوششوں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا جن کے تحت وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ عراق کی نئی حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق تشکیل دی جائے گی۔ نامہ نگار کے مطابق ایک رکن نے جو اس صورتحال پر برہم تھے کہا کہ ہو عراقی صدر چن رہے ہیں نہ کہ امریکی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||