غزہ میں اسرائیلی حملہ، تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ پر ایک اسرائیلی حملے میں حماس تنظیم کے دو اہم ارکان سمیت تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے نصف شب کے بعد غزہ کے زیتون علاقے میں ایک موٹر سائیکل پر میزائیل فائر کیا۔ چند منٹ بعد اسی علاقے میں ایک اور میزائیل داغا گیا۔ فلسطینی میڈیکل ذرائع کے مطابق میزائیل حملوں میں تین فلسطینی ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ بعد میں علاقے کی مسجد کے لاؤڈ سپیکر سے اعلان کیا گیا کہ ہلاک ہونے والوں میں حماس کے دو اہم کارکن بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک واحل مسار تھے جو حماس کے مقامی شاخ کے عسکری کمانڈر بتائے جاتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ابھی تک حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ایلن جونسٹن کے مطابق مسٹر مسار واضح طور پر اسرائیلی اہداف کی فہرست میں بہت اہم مقام رکھتے تھے۔ اسرائیلی فوج اس سے پہلے بھی دو مرتبہ ان کو ہلاک کرنے کی کوشش کر چکی تھی۔ نامہ نگار کے مطابق مسار کے خاندان نے حالیہ انتفادہ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے جس کی اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ اب تک اس خاندان کے درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال مسٹر مسار کے گھر ہونے والے ایک دھماکے میں ان کے بھائی سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||