تیونس میں ہونے والے عرب لیگ کے دو روزہ سربراہ اجلاس کے پہلے دن پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد عرب رہنماوں نے دوسرے دن مذاکرات جاری رکھے۔ عرب لیگ کے سربراہ اجلاس کے پہلے روز اس وقت تلخی پیدا ہو گئی تھی جب لیبیا کے سربراہ کرنل قذافی یہ کہتے ہوئے باہر چلے گئے تھے کہ اجلاس کا ایجنڈا عرب عوام کی ترجیحات کی ترجمانی نہیں کرتا۔ تیونس میں موجود بی بی سی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ رملہ سے یاسر عرفات نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کے دوران علاقے میں جاری سب سے طویل تنازعہ پر خطے کی ریاستوں کی نااہلی کا ذکر کیا۔ آٹھ ہفتے تک ملتوی ہونے والے اس سربراہ اجلاس میں بائیس رکن ممالک میں سے تیرہ کے ریاستی سربراہان اور تین کے حکومتی سربراہان نے شرکت کی۔ |