 |  باغی دھڑے آپس میں لڑ رہے ہیں |
شمال مشرقی سری لنکا میں تامل ٹائیگر باغی تحریک کے متحارب دھڑوں میں جاری شدید جھڑپوں کی وجہ سے ایک ہزار سے زیادہ شہری اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی دھڑے کے ایک باغی کمانڈر کرنل کرونہ کے حامی فوجیوں پر حملہ کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کرنل کرونہ تحریک کے مرکزی دھارے سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ اگرچہ ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ لیکن باٹی کالوئہ کے ڈاکٹروں نے دو خواتین جنگجوؤں کی نعشیں ملنے کی تصدیق کی ہے۔ مزید برآں ڈاکٹروں نے سات زخمی مرد جنگجوؤں کے ملنے کی تصدیق بھی کی ہے۔ مرکزی باغی دھڑے کی فوجیں باغی کمانڈر کرنل کرونہ کے علاقہ میں کافی اندر تک چلی گئی ہیں۔ اس بات کا اعتراف باغی کمانڈر کے ایک ترجمان نے بھی کیا ہے۔ |