BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 06 March, 2004, 12:56 GMT 17:56 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کرونا ایل ٹی ٹی ای سے خارج
کرنل کرونا کو غداری کے الزام پر جماعت سے نکالا گیا ہے
سری لنکا میں تامل باغیوں نے تحریک سے علیحدگی اختیار کرنے والے ایک’غدار‘ کمانڈر کو جنہیں کرنل کرونا کہا جاتا ہے، جماعت سے باہر نکال دیا ہے۔

تامل باغیوں کی جانب سے اخبار نویسوں کو بتایا گیا کہ کرنل کرونا کو غداری کے باعث پارٹی سے خارج کیا گیا ہے۔ باغیوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کرنل کرونا ایسے فردِ واحد ہیں جنہیں کسی کی حمایت حاصل نہیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار فرانس ہیریسن نے اپنے مراسلے میں بتایا ہے کہ باغیوں کے اس نئے اقدام سے جزیرے میں امن کی نازک کوششوں کو سخت نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

تاہم باغیوں کے سیاسی دھڑے کے سربراہ کہتے ہیں کہ ان کی جماعت امن کی بحالی کی پابند ہے اور اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ کسی فردِ واحد کے طرزِ عمل سے مذاکرات کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

باغیوں کا کہنا ہے کہ کرونا کے کان ان لوگوں نے بھرے ہیں جو تاملوں کی جدو جہد کے مخالف ہیں۔ تاہم انہوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا سری لنکا کی فوج نے تو ایسا نہیں کیا۔

بعض اطلاعات کے مطابق کرنل کرونا اس بات پر ناخوش تھے کہ لڑاکا باغیوں کی اکثریت کا تعلق مشرقی علاقوں سے ہے لیکن تمام کی تمام قیادت کی جغرافیائی وابستگی شمالی حصوں سے ہے۔

کرنل کرونا جن کی عمر چالیس برس ہے، کسی زمانے میں تامل باغیوں کے سربراہ پربھاکرن کے ذاتی محافظ تھے۔ جماعت سے ان کے اخراج کا اعلان ایک اخباری کانفرنس میں کیا گیا لیکن انہوں نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

لفظ کرونا کے لغوی معانی مہربانی کے ہیں اور کرنل کرونا اپنی سخت قسم کی جنگی حکمتِ عملی کی وجہ سے معروف ہیں۔ سری لنکا کے مشرقی علاقوں میں باغیوں کی بڑی تعداد ان کی وفادار ہے۔

تاہم نئے حالات ان کے لئے ایک قسم کا امتحان ہیں کیونکہ پارٹی کے سربراہ نے نئے کمانڈروں کو نامزد کر دیا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بٹی کلو میں جہاں کے لئے یہ نامزدگیاں ہوئی ہیں، اکثریت کا جھکاؤ کس طرف ہوگا۔

علاقے کے لوگوں کو اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ کہیں حکومت اور باغیوں کے درمیان دو سال سے جاری معاہدۂ امن خطرے میں نہ پڑ جائے۔

کرونا کا تعلق بھی بٹی کلو سے ہے اور وہ انیس سو تراسی میں باغیوں کی تنظیم میں شامل ہوئے تھے۔ لیکن چند برسوں میں مشرقی صوبے کی حد تک وہ اعلٰی کمانڈر بن گئے۔

کرونا کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے سری لنکا کی فوج کے طرف سے باغیوں کے خلاف شروع کی جانے والی ایک بڑی کارروائی میں بہت اہم کردار کیا تھا جس کے باعث باغیوں نے کامیابی کے ساتھ فوج کے خلاف مزاحمت کی۔ اس کامیابی کے باعث انہیں نے جافنا میں ایلیفنٹ پاس نامی مقام پر قبضہ کر لیا تھا جس کے نتیجے میں حکومت سے مذاکرات سے قبل باغیوں کا پلہ بھاری ہوگیا۔

کرونا، باغیوں کی اس ٹیم میں بھی شریک تھے جس نے بنکاک، ناروے اور ٹوکیو میں حکومتی نمائندوں کے ساتھ امن کی بات چیت کی تھی۔

پارلیمانی انتخابات کے موقع پر بغاوت کا علم بلند کر کے، کرونا نے باغیوں کے سربراہ پربھاکرن کو چونکا دیا ہے۔

سری لنکا کی حکومت کرونا کے اس مطالبے کو مسترد کر چکی ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ ان کے ساتھ کیا جائے۔ اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ کہیں باغیوں کا دوسرا گروہ ناراض نہ ہوجائے جس کی قیادت بھاکرن کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد