’بش اسلام کے دشمن ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی شدت پسند تحریک حماس کے نئے رہنما ڈاکٹرعبدالعزیز رنتیسی نے مقبوضہ غزہ کی پٹی میں ایک تقریر میں امریکی خارجہ پالیسی پر سخت تنقید کی ہے اور صدر بش کو اسلام کا دشمن قرار دیا ہے۔ اسرائیلی حملے میں قتل ہوجانے والےحماس کے روحانی قائد شیخ احمد یٰسین کی یاد میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ کی جنگ امریکہ کے خلاف ہے۔ غزہ شہر کے مرکز میں ہزاروں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالعزیز رانتیسی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی ویٹو کا بھی حوالہ دیا جو شیخ احمد یٰسین کے قتل پر اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد کو روکنے کے لیے امریکہ نے استعمال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ صدر بش اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ ڈاکٹر رانتیسی نے کہا امریکی اور اسرائیلی لیڈروں نے اللہ کے خلاف جنگ چھیڑدی ہے اور اب اللہ کی جنگ بھی ان لوگوں کے خلاف ہوگی۔ شیخ احمد یٰسین کے قتل کے تناظر میں حماس کے بیانات کو بہت قریب سے دیکھا جا رہا ہے کہ آیا تنظیم کے موقف میں مزید سختی پیدا ہورہی اور یہ کہ کیا تنظیم کی طرف سے مغربی اہداف کو بھی نشانہ بنانے کے آثار ہیں۔ لیکن حماس کی پالیسیوں پر طویل عرصے سے نظر رکھنے والوں کے مطابق ڈاکٹر رنتیسی کے اس خطاب میں بہت زیادہ معنی تلاش کرنا غلط ہوگا کیونکہ وہ اور حماس کے دیگر رہنما امریکہ کے خلاف اس طرح کے سخت بیانات پہلے بھی کئی مرتبہ دے چکے ہیں۔ حماس بار بار یہ بات واضح کرچکی ہے کہ اس کا عسکری ہدف صرف اور صرف اسرائیل ہے اور تحریک کے ذرائع کے مطابق شیخ احمد یٰسین کے قتل کے فوراً بعد بھی اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||