بی جےپی کی انتخابی مہم کا آغاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے نائب وزیراعظم لال کرشنا اڈوانی بدھ کے روز سے ملک کےانتہائی جنوبی کونے سے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کر رہے ہیں جس کے دوران وہ چار ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ چودہ برس پہلے مسٹر اڈوانی ایودھیہ کے مقام پر بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کی مہم پر نکلے تھے جس کے نتیجے میں ملک میں کئی فسادات ہوئے تھے۔ خصوصی طور پر تیار کی گئی بلٹ پروف منی بس میں مسٹر اڈوانی ہندوستان کے دور افتادہ گاؤوں، قصبوں اور شہروں میں اگلے ماہ کے الیکشن کے لئے مہم چلائیں گے۔ ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس مہم اور الیکشن کو ’انڈیا شائیننگ‘ یا ’جگمگاتا انڈیا‘ کا نام دیا ہے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ ملک میں صرف سطحی ترقی ہوئی ہے جبکہ بے روزگاری، افراط زر اور مذہبی کشیدگی جیسے بنیادی مسائل ابھی تک موجود ہیں۔ مسٹر اڈوانی کے روڈ شو میں سب سے پہلے وہ چھبیس مارچ کو پنجاب کے شہر امرتسر پہنچیں گے جہاں وزیراعظم واجپائی ان کا استقبال کریں گے۔ دوسرے مرحلے میں تیس مارچ کومغربی شہر پوربندر سے، جو مہاتما گاندھی کی جائے پیدائش بھی ہے، وہ سیاسی طور پر اہم شمالی علاقوں سے ہوتے ہوئے پرُی کے مقدس شہر پہنچیں گے۔ مسٹر اڈوانی ایک دن میں اوسطً چار پارلیمانی حلقوں کا دورہ کریں گے اور ان کی ائیر کنڈیشنڈ منی بس میں اپنے پارٹی دفتر سے رابطے کے لئے سہولیات بھی موجود ہیں۔ اس ملک گیر دورے کے دوران سیکورٹی ٹیمیں مسٹر اڈوانی کی کڑی حفاظت کریں گی جن کا نام کئی باغی گروپوں کی ہٹ لسٹ پر ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||