| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
تکریت: صدام کی حمایت میں جلوس
امریکی فوجیوں نے معزول عراقی صدر صدام حسین کے آبائی شہر تکریت میں ان کی گرفتاری کے بعد نکالے جانے والے ایک احتجاجی جلوس کو زبردستی منتشر کر دیا۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ جلوس صدام کی حمایت میں نکالا گیا تھا اور اس میں شریک کئی سو نوجوان صدام کی گرفتاری پر اظہارِ ناراضی کر رہے تھے۔ جلوس نکالنے والے نوجوانوں کا تعلق تکریت میں قائم یونیورسٹی سے بتایا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے جلوس میں شریک کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ دریں اثناء اسرائیل نے کہا ہے کہ فلسطینی صدام کی حمایت کا سلسلہ اب ختم کر دیں۔ اسرائیلی حکومت کے ایک ترجمان ایوی پانزنر نے کہا ہے فلسطینیوں کو اب یہ بات جان لینی چاہیے کہ انہیں تشدد کے راستے پر چل کر کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ ترجمان نے شام کے صدر بشر الاسد کو بھی متنبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صدام کا انجام سے شام کے صدر بشر الاسد کو سبق سیکھنا چاہیے۔ کویتی اخبار السیاسیہ نے بھی صدام کی گرفتاری پر تحریر کیے جانے والے اداریہ میں کہا ہے کہ ’صدام حسین کی گرفتاری ان بدکار عرب حکومتوں کے لیے ایک دھچکا ہو گی جو ظلم و جبر میں صدام کی پیروی کرتی ہیں۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||