| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لویا جرگہ: مندوبین کا انتخاب شروع
افغانستان میں آئندہ ماہ نئے آئین کو حتمی شکل دینے کے لئے ہونے والے لویا جرگہ کے لیے مندوبین کے انتخاب کا عمل منگل کے روز پاکستان میں شروع ہوا۔ ملک میں بسنے والے افغان پناہ گزین تیرہ ارکان کا انتخاب کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک مقامی ہوٹل میں پناہ گزینوں کے نمائندوں نے لویا جرگہ کے لئے مندوبین کے انتخاب کے لئے منگل کو ووٹ ڈالنا شروع کئے۔ پشاور میں یہ عمل تین روز جاری رہے گا جس کے دوران صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں سے سات اراکین منتخب ہوں گے۔ تیرہ نومبر تک بلوچستان سے چار جبکہ کراچی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک ایک مندوب منتخب کیا جائے گا۔ ان تیرہ نشستوں میں سے ایک خواتین کے لئے مخصوص ہے۔ آئندہ ماہ کے وسعت میں کابل میں نئے آئین کو حتمی شکل دینے کے لئے لویا جرگہ میں تقریباً پانچ سو مندوبین شرکت کریں گے۔ اس آئین کا مسودہ سوموار کے روز عبوری افغان صدر حامد کرزئی کو پیش کیا گیا جس میں ملک کو اسلامی جمہوریہ بنانے اور صدرارتی نظام نافذ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ پاکستان میں جرگہ مندوبین کے انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والے ظاہر جبارخیل نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نمائندے ووٹ کے ذریعے منتخب کئے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ برس عبوری افغان انتظامیہ کے انتخاب کے لئے لویا جرگہ کے مندوب منتخب نہیں بلکہ نامزد ہوئے تھے۔ ظاہر جبارخیل نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغان پناہ گزیں مناسب نمائندوں کا انتخاب کریں گے جوکہ آئین سازی جیسا مشکل کام سرانجام دیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||