’مشتبہ شدت پسندوں سے تصادم میں انڈین سپاہی سمیت 11 ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAP

انڈین فوج کا کہنا ہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں فوجی دستوں اور مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں ایک سپاہی سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق 10 افراد کی ہلاکت اتوار کو حملے کا نشانہ بننے والےفوجی ہیڈکوارٹر کے قریب ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ لڑائی لائن آف کنٹرول کے اطراف میں دو مختلف مقامات پر ہوئی۔

یہ حملہ 10 ہفتے تک علاقے میں ہونے والے مظاہروں کے بعد ہوا ہے جن میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 90 ہے۔

انڈین فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل راجیش کالیا کا کہنا ہے کہ سپاہیوں نے باغیوں کے دو بڑے مشتبہ گروہوں کے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں داخلے کا پتہ چلایا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP

خیال رہے کہ اتوار کو اوڑی کی چھاؤنی میں چار مسلح افراد کے حملے جس میں انڈین فوج کے 18 سپاہی ہلاک ہوئے ہیں کو گذشتہ کئی سالوں میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والا بڑا حملہ قرار دیا جاتا ہے۔

انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے اور انڈین وزیرِ خارجہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو دہشت گرد ریاست کہا ہے۔ تاہم پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انڈیا کا مقصد کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔