’صوبہ اروزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ میں طالبان داخل‘

،تصویر کا ذریعہAP
افغانستان میں حکام کے مطابق افغان طالبان جنوبی صوبے اروزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ میں داخل ہوگئے ہیں اور شدید جھڑپیں جاری ہیں جبکہ سرکاری حکام شہر چھوڑ کر جارہے ہیں۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صوبائی ترجمان دوست محمد نایاب نے جمعرات کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے اچانک حملے کے بعد ترین کوٹ میں صرف پولیس ہیڈکوارٹرز پر انتظامیہ کو کنٹرول ہے جس کا طالبان نے صبح سے محاصرہ کیا ہوا ہے۔
دوست محمد نایاب کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا ہے اور انھوں نے کابل میں مرکزی حکومت سے فوری کارروائی کی درخواست کی ہے۔
صوبائی ترجمان کی جانب سے ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں بتایا نہیں گیا تاہم انھوں نے اس خدشے سے اظہار کیا کہ جلد ہی شہر پر طالبان کا مکمل قبضہ ہوسکتا ہے۔
دوست محمد نایاب کے مطابق اس کارروائی میں سینکڑوں طالبان شریک ہیں تاہم اس حوالے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ترین کوٹ میں طالبان کے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وزارت دفاع کے ڈپٹی ترجمان محمد ردمنیش کا کہنا ہے کہ فوج، پولیس اور انٹیلی جنس سروس کے ہیڈکوارٹرز محفوظ ہیں۔
انھوں نے اصرار کیا کہ ترین کوٹ میں تمام اہم مقامات حکومتی کنٹرول میں ہیں اور صوبہ اروزگان میں اضافی کمک بھیجی جارہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ترین کوٹ کی آبادی تقریبا 72 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔
محمد ردمنیش کا کہنا تھا کہ ترین کوٹ میں فضائی حملے بھی کیے گئے ہیں جن میں کئی طالبان جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
افغان طالبان کی جانب سے تاحال ترین کوٹ پر حملے سےمتعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوست محمد نایاب نے بھی بعد میں بتایا کہ افغان اور امریکی فضائیہ کی جانب سے طالبان کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
افغانستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ترین کوٹ میں تمام دکانیں، بیکریاں اور دیگر کاروبار بند ہیں اور شہری علاقہ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی شہر قندوز اور جنوبی صوبے ہلمند میں لشکر گاہ کے بعد ترین کوٹ تیسرا صوبائی دارالحکومت ہے جہاں طالبان کے قبضہ ہونے کا خطرہ سامنے آیا ہے۔







