’سعودی عرب نے ایران کی کشتیاں پکڑ لیں ‘

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے خلیج فارس سے ماہی گیری میں مصروف کشتیوں کو اپنے قبضے میں لیا ہے۔
ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی شہر بوشہر کے کوسٹ گارڈ کمانڈر جنرل امین خودراوی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے خلیج فارس میں ایرانی کشتیوں کو پکڑا ہے۔
کوسٹ گارڈ کمانڈر نے بتایا کہ انھوں نے خلیج فارس میں سفر کرنے والی ایرانی کشتیوں میں سوار 16 ملاحوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔
کوسٹ گارڈ کمانڈر نے بوشہر شہر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کشتیوں میں سوار عملہ تاحال ’محفوظ‘ ہے لیکن ’اُن کی قسمت کے بارے میں کیا فیصلہ ہو گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔‘
جنرل نے کہا کہ ’گو کہ ماہی گیری کے لیے سمندر میں جانے والی کشتیوں کو مکمل ہدایت دی جاتی ہیں لیکن بعض اوقات وہ مچھلیوں کی تلاش میں گہرے پانیوں میں جاتے ہوئے سمندری حدود سے آگے نکل جاتے ہیں۔‘
’انھیں پانچ دن کے لیے ماہی گیری کی اجازت دی گئی تھی جس کی مدد اب مکمل ہو گئی ہے۔ انھیں کوسٹ گارڈ نے پکڑا ہے اور اس سلسلے اُن کی وزارتِ خارجہ سے بات کی جا رہی ہے۔‘
مہر نیوز ایجنسی نے کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشتیاں بوشہر، گیناویھ اور شیف کی ہیں اور ہم اس بارے میں یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ تمام ملاح زندہ ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم سعودی عرب کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد کے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔







