مہاراشٹر: پل سیلاب میں بہہ گیا، درجنوں افراد لاپتہ

،تصویر کا ذریعہASHWIN AGHOR
مغربی انڈیا میں ممبئی کو گوا سے ملانے والی شاہراہ پر ایک پل کے سیلاب میں بہہ جانے سے کم از کم 22 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پل کے بہہ جانے کے بعد دو مسافر بسیں پانی میں گر گئیں۔
پولیس افسر سنجے پاٹل نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ امدادی کارکنوں کو نہ تو بسوں کا پتہ چلا ہے اور نہ کوئی مسافر ملا ہے۔
شدید بارش سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ٹریفک کو دوسرے راستے پر موڑ دیا گيا ہے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر پھننوس نے ٹویٹ کیا کہ مہا بلیشور کے علاقے میں شدید بارش کے بعد دریا میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا تھا اور اسی وجہ سے پرانا پل ٹوٹ گیا۔

،تصویر کا ذریعہASHWIN AGHOR
ان کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے بارے میں ابھی کوئی واضح معلومات نہیں ہیں، کیونکہ جب یہ حادثہ ہوا اس وقت وہاں اندھیرا تھا۔
وزیر اعلی کے مطابق اس علاقے میں دو پل ہیں اور پرانا پل منہدم ہوا ہے جبکہ ٹریفک دوسرے نئے پل کے ذریعے رواں ہے۔
پل رائے گڑھ ضلع میں گرا ہے جبکہ ضلع کلکٹر شیتل ہوگلے نے صحافی اشون اگھور کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پل کے گر جانے سے دو سرکاری بسوں اور کچھ دوسری گاڑیوں کے دریا میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مہاراشٹر کی این ڈی آر ایف ٹیم کے سربراہ او پی سنگھ نے کہا کہ غوطہ خوروں سمیت 80 افراد کو امدادی کاموں کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔
مارچ کے مہینے میں انڈیا کے مشرقی شہر کولکتہ میں ایک زیر تعمیر پل کے گر جانے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔








