مہاراشٹر میں عمارت منہدم ہونے سے کم از کم پانچ ہلاک

بھارت میں عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات اکثر اوقات پیش آتے ہیں( فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنبھارت میں عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات اکثر اوقات پیش آتے ہیں( فائل فوٹو)

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے تھانے ضلعے میں ایک تین منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئي ہے۔

یہ عمارت منگل کی شب گری جس کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

عمارت کے ملبے سے اب تک 11 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حکام نے ملبے میں اب بھی کچھ افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مہاراشٹر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے جونیئر رابطہ افسر پرساد ٹھاکر نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ ڈومبيولي کے علاقے میں پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ گری ہوئی عمارت کے دونوں طرف عمارتیں ہیں اور ان کا درمیانی فاصلہ کافی کم ہے۔

پرساد ٹھاکر کے مطابق اس وجہ سے ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری جائے حادثہ پر پہنچانا ممکن نہیں ہے۔

بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ رواں ماہ ہی دارالحکومت دہلی کے گنجان آباد علاقے وشنو گارڈن میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ملک میں عموماً ناقص تعمیراتی سامان اور کمزور بنیادوں کو ان واقعات کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ کئی عمارتوں کو رہائش کے لیے خطرناک قرار دیا جاتا ہے لیکن انھیں خالی نہیں کرایا جاتا اور بارشوں کے موسم میں ان کے منہدم ہونے کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔