دہلی میں عمارت منہدم ہونے سے پانچ افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
ھارت کے داارالحکومت دہلی میں حکام کے مطابق ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مغربی دہلی میں یہ عمارت سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو منہدم ہوئی اور اس کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
امدادی کارکنوں کو اتوار کو ملبے سے ایک لڑکی کی لاش ملی اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر دیپندرا پاتک کے حوالے سے بتایا ہے ’ہمیں امید ہے کہ اب ملبے میں کوئی اور لاش موجود نہیں ہو گی تاہم گنجان آباد وشنو گارڈن میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔‘
انھوں نے بتایا کہ علاقے میں نکاسی آب کے نظام میں خرابی کے بعد اس مرمت کے دوران اور بارشوں کے نتیجے میں عمارت کا ڈھانچہ خستہ ہو گیا تھا۔
جوائنٹ کمشنر دیپندرا پاتک کے مطابق متاثرہ عمارت کافی پرانی ہے اور اسے مقامی غیر پیشہ ور افراد نے بغیر کسی منصوبہ بندی کے تعمیر کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تفصیلی رپورٹ سات روز کے اندر تیار ہو جائے گی جبکہ غفلت برتنے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں اور عموماً ناقص تعمیراتی سامان اور کمزور بنیادوں کو ان واقعات کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی عمارتوں کو رہائش کے لیے خطرناک قرار دیا جاتا ہے لیکن انھیں خالی نہیں کرایا جاتا اور بارشوں کے موسم میں ان کے منہدم ہونے کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







