ذاکر نائیک کو پریس کانفرنس کےلیےجگہ ڈھونڈنے میں دشواری

،تصویر کا ذریعہFacebook
اطلاعات کے مطابق انڈین اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ممبئی میں پریس کانفرنس کرنے کے لیے جگہ نہیں مل رہی۔
ڈاکٹر نائیک کے مینیجر نے بتایا ہے کہ ابھی تک ممبئی کے چار فائیو سٹار ہوٹل پریس کانفرنس کے لیے جگہ دینے سے انکار کر چکے ہیں۔
مینیجر عارف ملک نے کہا: ’ایک ہوٹل کے مینیجر نے آف دا ریکارڈ بتایا ہے کہ ممبئی پولیس نے تمام ہوٹلوں سے ہمیں جگہ نہ دینے کا کہا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ پریس کانفرنس کے لیے جگہ تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں جب ممبئی میں بی بی سی کے سشانت موہن ہوٹلوں سے رابطہ کیا گیا تو ہوٹلوں کے مینیجر نے بات کرنے سے انکار کر دیا، البتہ انھوں نے ای میل کے ذریعے سوالوں کے جواب دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس ماہ کے شروع میں بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ کے ایک کیفے میں حملہ ہوا تھا اس میں ایک بھارتی لڑکی سمیت 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بنگلہ دیشی حکومت کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں سے کچھ ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر تھے۔
بنگلہ دیشی حکومت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ٹی وی چینل پیس ٹی وی پر پابندی لگا دی ہے۔
اس کے بعد سے ڈاکٹر نائیک پر تنقید شروع ہوگئی ہے۔ مہاراشٹر اور مرکزی حکومت کئی سطحوں پر ڈاکٹر نائیک اور ان کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی جانچ کر رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی طور پر انتہا پسندی یا تشدد کی حمایت نہیں کرتے۔
انڈیا کی مرکزی حکومت کے وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق ذاکر نائیک کی تقاریر ’قابلِ اعتراض‘ ہیں اور اس بارے میں تحقیقات کے بعد وزارت داخلہ مناسب کارروائی کرے گی۔
ذاکر نائیک کا معروف ادارہ ’اسلامک ریسرچ سینٹر‘ ممبئی میں واقع ہے۔ اس دوران مہاراشٹر کی حکومت نے بھی ممبئی پولیس کو ذاکر نائیک کی تقاریر کی تفتیش کرنے کے بعد اس پر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔







