پڑوسی انڈیا میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں: راج ناتھ سنگھ

،تصویر کا ذریعہROSHAN JAISWAL
انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کا نام لیے بغیر پڑوسی ملک پر انڈیا میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے یہ بات انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے پامپور میں سنیچر کو ہونے والے شدت پسند حملے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم بھیجنے کے اعلان کے ساتھ کہی۔
سنیچر کو پامپور میں ہونے والے شدت پسند حملے میں انڈین نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کے آٹھ جوان ہلاک ہو گئے تھے جبکہ حفاظتی دستوں کی جوابی کارروائی میں دو شدت پسند بھی ہلاک ہوئے تھے۔
اتوار کو ایک تقریب کے دوران انڈین سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے راج ناتھ نے کہا: ’شدت پسند اور ہمارے پڑوسی ملک انڈیا کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں ملک کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہوں۔ ہمیں سکیورٹی فورسز کی بہادری اور ان کے کام کی تعریف کرنی چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
انھوں نے کہا: ’میں نے داخلہ سیکریٹری کو کہا ہے کہ دو رکنی کمیٹی پامپور بھیجیں، جو سکیورٹی میں آنے والی کمی پتہ لگا سکے، تاکہ ہم مستقبل میں اس بہتر سکیں۔‘
دوسری جانب شدت پسند حملے میں مارے جانے والے سی آر پی ایف کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ حملہ کرنے والوں نے کشمیر اور اسلام کو بدنام کیا ہے جبکہ اپوزیشن پارٹی نیشنل کانفرنس نے محبوبہ مفتی کے بیان پر تنقید کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







