’کشمیر میں بھارت نواز پارٹیوں کو ووٹ دینا حرام‘

گیلانی نے تمام ہند نواز پارٹیوں کی مخالفت کرتے ہوئے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے منع کیا

،تصویر کا ذریعہBilal Bahadur

،تصویر کا کیپشنگیلانی نے تمام ہند نواز پارٹیوں کی مخالفت کرتے ہوئے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے منع کیا

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے اہم حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت نواز سیاسی جماعتوں کو ووٹ دینا اسلام کے مخالف ہے اور شرعی طور پر بھی حرام ہے۔

گیلانی کی قیادت والے حریت کانفرنس کے گروپ نے سری نگر میں اتوار کو ایک سیمینار منعقد کیا تھا جس سے خطاب کرتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے یہ بات کہی۔

سید علی شاہ گیلانی نے بھارت نواز سیاسی جماعتوں کو ووٹ نہ دینے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس، عوامي اتحاد پارٹی اور دوسری جتنی بھی انتخابات لڑنے والی پارٹیاں ہیں وہ سب کشمیر مسئلے کی دشمن ہیں۔

گیلانی نے کہا: یہ سیاسی جماعتیں اس کلہاڑی کے دستے ہیں جو بھارت ہم پر چلا رہا ہے اور شرعی طور پر ایسی جماعتوں کو ووٹ دینا حرام ہے۔

گیلانی نے مزید کہا: ’یہ سیاسی جماعتیں کشمیر میں جاری بھارت کے ظلم اور جبر کا ساتھ دیتی ہیں، اور شراب، نشے اور بے حیائی کو عام کرتی ہیں۔‘

اس وقت کشمیر میں اننت ناگ ضلع کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

کمشیمری پنڈتوں کی مخصوص علیحدہ کالونی کی بھی مخالفت کی گئی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنکمشیمری پنڈتوں کی مخصوص علیحدہ کالونی کی بھی مخالفت کی گئی

علیحدگی پسندوں نے لوگوں سے اس انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کے لیے کہا ہے۔

کشمیر میں مسلح تحریک شروع ہونے کے بعد سے آج تک جتنے بھی انتخابات کرائے گئے ہیں علیحدگی پسندوں نے ان تمام انتخابات کے خلاف مہم چلائی ہے۔

بھارتی اخبار دا اکانومک ٹائمز کے مطابق حریت کے رہنماؤں سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور ديگر نے بالاتفاق رائے فوجیوں اور پنڈتوں کی مخصوص علیحدہ کالونیوں کی تعمیر کے خلاف اپنے موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ وادی میں ایسا نہیں ہونے دیں گے اور سول سوسائٹی کے اراکین سے مل کر وہ کشمیری پنڈتوں سے رابطہ قائم کریں گے۔

یہ کمیٹی پنڈتوں کو یہ باور کرائے گی کہ ’کشمیری ان کی واپسی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ پوری وادی میں ان کا بھائیوں اور اچھے پڑوسی کی طرح استقبال ہے اور کوئی بھی انھیں ان کے بھارت نواز موقف کے لیے نقصان نہیں پہنچائے گا۔‘