کشمیر میں فائرنگ میں تین پولیس اہلکار ہلاک

حملے کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنحملے کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک افسر سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ان ان حملوں کے بعد سری نگر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پیر کی صبح موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے پُرانے شہر کے جڈی بل علاقے میں پولیس تھانے کے باہر تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام محمد اور حوالدار نذیر احمد پر قریب سے فائرنگ کی جس میں دونوں ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدین اور پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے جڈی بل اور گردونوح میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔

اس حملے کے ایک گھنٹے بعد سری نگر کے مغربی علاقہ ٹینگ پورہ میں بھی سڑک پر تعینات ایک پولیس اہلکار کوقریب سے گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔

پولیس اور فوجی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ دارالحکومت سری نگر کو ’تشدد سے پاک‘ کیا گیا ہے۔

جون 2013 میں سری نگر کے تجارتی مرکز لالچوک کے قریبی بازار ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں نامعلوم حملہ آوروں نے دو پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔

دریں اثنا 26 سال سے سرگرم مسلح گروپ حزب المجاہدین کے آپریشن چیف برہان الدین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے حزب سے وابستہ عسکریت پسندوں نے کیے ہیں۔

سری نگر میں عسکری حملوں کے باعث سکیورٹی ایجنسیوں نے ہنگامی جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جون میں بھارت کے مختلف شہروں سے لاکھوں سیاح اور ہندو یاتری کشمیر آتے ہیں۔