سیاچن میں 10 بھارتی فوجی لاپتہ

،تصویر کا ذریعہ
بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں واقع سیاچن کے محاذ میں برفانی تودے گرنے کے بعد 10 بھارتی فوجی لاپتہ ہیں۔
بھارتی فوج کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی کا کہنا ہے کہ فوج اور فضائیہ امدادی ٹیمیں کھوجی کتوں کی مدد سے لاپتہ فوجیوں کی تلاش کر رہے ہیں۔
بدھ کی صبح کو برفانی تودے سیاچن کے محاذ کے شمال کی طرف بلندی پر واقع ایک فوجی چوکی پرگرے تھے۔
سیاچن کے محاذ کو دنیا کا بلند ترین میدان جنگ کہا جاتا ہے جس پر پاکستان اور بھارت کی افواج گشت کرتی ہیں۔ خطے کی خودمختاری پر دونوں ممالک کے درمیان تنازعات ہیں۔
گذشتہ ماہ اسی خطے میں برفانی تودے گرنے کے بعد چار بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔



