چین میں خراب موسم کے باعث درجنوں ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے جیانگسو میں شدید خراب موسم کے باعث 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژن ہوا کے مطابق مشرقی صوبے جیانگسو میں آسمانی بجلی، طوفانی بارش، ژالہ باری اور شدید طوفان کے باعث یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ژن ہوا کے مطابق جعرات کی دوپہر آنے والے طوفان نے گھروں کو شدید نقصان پہنچایا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے چین کے متعدد علاقوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق مرکزی علاقے میں آنے والے سیلاب کے باعث 22 افراد ہلاک اوردو لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔

حکام کے مطابق سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ملک کو 2.7 ارب یوآن کا نقصان ہوا ہے۔

چین کے نائب صدر وانگ یانگ کے مطابق النینو کے اثر کی وجہ سے ملک کو غیر مستحکم موسمی حالات کا سامنا ہے۔