’مغرب میں منشیات کی طلب، افغانستان میں بدعنوانی کی بڑی وجہ‘

،تصویر کا ذریعہARG
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ مغرب میں منشیات کی طلب ہی ان کے ملک میں بدعنوانی کے لیے بڑی حد تک ذمہ دار ہے۔
اشرف غنی بدعنوانی کے خلاف ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔
کانفرنس کے آغاز سے قبل انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے لیکن اسے مدد کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ کئی عناصر نے مل کر افغانستان کو دنیا کے بدعنوان ترین ملکوں کی فہرست شامل کروانے میں کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کا یہ تبصرہ کیمرے پر نشر ہوا تھا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ افغانستان اور نائجیریا ’زبردست بدعنوان‘ ملک ہیں۔
افغان صدر نے کہا کہ برطانوی وزیرِ اعظم نے ان کے ملک کے بارے میں جو کچھ کہا اس سے انھیں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور وہ ان کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کے زمانے کی بات کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا: ’وہ ماضی کی روایت بیان کر رہے تھے۔ بہت سے افراد اور عناصر مل کر ملکوں کو بدعنوان ترین ملک بناتے ہیں۔ لیکن یہ ہمارے عوام کی خواہش نہیں ہے اور مجھے مینڈیٹ دے کر منتخب کیا گیا ہے تاکہ میں شفافیت اور احتساب لا سکوں اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنا سکوں۔‘
انھوں نے کہا کہ مغرب کا فرض ہے کہ وہ اس سلسلے میں افغانستان کی مدد کرے کیوں کہ ’بدعنوانی کے سب سے بڑے عامل منشیات کے کارٹل ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ اس وقت افغانستان بدعنوانی کے اشاریے میں 168 ملکوں کی فہرست میں 166ویں نمبر پر ہے، اور صرف صومالیہ اور شمالی کوریا اس سے نیچے ہیں۔
اشرف غنی کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اشاریوں کے تعین کے دوران اس محنت کو مدِ نظر نہیں رکھا گیا جو کہ ان کے دور میں کی گئی اور جس کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔







