بندوق کی ساتھ سیلفی، لڑکا جان کی بازی ہار گیا

حایہ کچھ عرصے میں بھارت میں سیلفی لیتے ہوئے متعدد حادثات ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنحایہ کچھ عرصے میں بھارت میں سیلفی لیتے ہوئے متعدد حادثات ہوئے ہیں

بھارت کی شمالی ریاست میں پندرہ سالہ لڑکا بندوق کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے غلطی سے گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع پٹھان کوٹ کے علاقے میں پندرہ سالہ رمندیپ سنگھ مکان پر اپنے والد کی بندوق کے ساتھ سیلفی لے رہے تھے جب بندوق غلطی سے چل گئی۔

ان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ اتوار کے روز زخموں کی تاب نہ لا سکے۔

بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے ایک سینیئر پولیس اہلکار نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

پٹھان کوٹ ضلع کے سپرنٹینڈنٹ راکیش کوشل نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ لڑکے کا خاندان اب بھی صدمے میں ہے۔

’ہمیں خاندان والوں نے بتایا ہے کہ لڑکے کی موت سیلفی لیتے وقت ریوالور چلنے سے ہوئی۔ ہم ابتدائی تفتیش کے بعد ہی اس بارے میں مزید کچھ کہہ سکتے ہیں۔‘

واضع رہے کہ حال ہی میں بھارت میں سیلفی لیتے ہوئے متعدد حادثات ہوئے ہیں۔ جنوری میں ملک کے شمال میں واقع شہر چنئی میں ایک لڑکے کی موت اس وقت ہوئی جب وہ ٹرین کے پٹڑی پر سیلفی لے رہا تھا۔

مشرقی شہر ممبئی میں ایک 18 سالہ لڑکی کی سمندر میں سیلفی لیتے ہوئے موت واقع ہوجانے کے بعد پولیس نے کئی علاقوں کو ’نو سیلفی زون‘ قرار دے دیا تھا جہاں سیلفی لینا ممنوع ہے۔

ان علاقوں میں سمندر کے قریب واقع میرین ڈرائیو والا علاقہ اور چوپاٹھی بیچ شامل ہیں۔

بھارت میں ہندوؤں کے اہم مذہبی تہوار کمبھ میلے کو بھی سیلفی لینے کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا تھا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ایک سروے سے معلوم ہوا کہ عوام سیلفیاں لینے میں بہت وقت ضائع کرتی ہے جس سے مجمعے کے آگے بڑھنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے اور دھکم پیل کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔