نائن زیرو کے قریب رینجرز کی کارروائی ’اسلحہ برآمد‘

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایم کیو ایم نے اس کارروائی کو اسٹار پلس کا ڈرامہ قرار دیا ہے۔

رینجرز کی بھاری نفری نے علی الصبح عزیز آباد میں ایک گھر پر چھاپا مارا، جس کے بعد اہلکار جن کے چہرے سیاہ نقاب سے ڈھکے ہوئے تھے اندر سے اسلحہ اور کچھ پوٹلی نما بوریاں باہر نکال کر موبائل میں ڈالتے رہے۔

رینجرز کے کرنل فیصل نے بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ شب دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ایک ٹارگٹ کلر کاشف ڈیوڈ کو گرفتار کیا گیا تھا جو انتہائی مطلوب ملزم تھا جس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔

کرنل فیصل نے دعویٰ کیا کہ کاشف ڈیوڈ کی نشاندھی پر عزیز آباد میں نائن زیرو کے بلکل قریب ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سے کلاشنکوف، ایس ایم جی اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ’کاشف کو 6 ماہ قبل دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا، مصطفیٰ کمال اور ان کے ساتھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خوابوں کی تعبیر نہیں کرسکے اور جلسہ ناکام ہوگیا جس کے رد عمل میں یہ کارروایاں کی جارہی ہیں۔‘

واسع جلیل نے پاکستان فوج کے سربراہ کو کہا ہے کہ وہ اپنے افسران پر نظر رکھیں جو دن رات ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور آج کا باب اسٹار پلس کا ڈرامہ ہے۔

واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ سال مارچ اور جولائی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مارکر عامر خان، قمر منصور، کیف الوری سمیت تین درجن کے قریب کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا، جن میں سے اکثریت بعد میں عدالت سے رہا ہوگئے۔