آر ایس ایس والے اب نیکر کی جگہ پتلون پہنیں گے

بھیاجی جوشی کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھیاجی جوشی کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی ہے

بھارت میں ہندو نظریاتی تنظیم آر ایس ایس نے اپنی وردی میں تبدیلی کرتے ہوئے خاکی رنگ کی نیکر کی جگہ بھورے رنگ کی پتلون کو وردی کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا اعلان راجستھان کے ناگور میں آر ایس ایس کی آل انڈیا یونین ایوان نمائندگان کے اجلاس کے بعد جنرل سیکریٹری بھياجي جوشی نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’ہماری تنظیم وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی ہے۔‘

بھياجي جوشی کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی تنظیم اتنی ترقی نہیں کر سکتی جتنی ہم نے کی ہے، اس لیے ہم نے اس تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔‘

ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں تنظیم نے کافی ترقی کی ہے اور نوجوانوں کے درمیان اپنی جگہ بنائی ہے۔

جے این یو میں مبینہ طور پر لگنے والےمبینہ ملک دشمن نعروں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ملک دشمن نعرے ملک کے کسی بھی حصے میں لگیں گے تو اس کے خلاف کارروائی تو کرنی پڑے گی۔‘

بھیاجی جوشی نے مزید کہا کہ ’چاہے ملک کی کوئی بھی حکومت ہو اس طرح سے ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے والوں کو کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔‘

انھوں نے سوال کیا کہ ’یہ ایک سنجیدہ موضوع ہے اور ایسی ذہنیت کو کیا سمجھا جائے۔‘

کانگریسی رہنما غلام نبی آزاد کی آر ایس ایس کے مقابلے اسلامک سٹیٹ والے بیان پر بھی بھیاجی جوشی نے شدید تنقید کی۔

انھوں نے کہا کہ ’غلام نبی آزاد نے ہمارے بارے میں جو بھی کہا اس سے ان کی جہالت جھلکتی ہے۔‘