اپنے ہی خاندان کے 14 افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی

،تصویر کا ذریعہAshwin Aghor

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ممبئی سے متصل تھانے کے كاسر وڈولي علاقے میں اتوار کی صبح ایک شخص حسنین واریكر نے اپنے ہی خاندان کے 14 افراد کے گلے کاٹنے کے بعد پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سات بچے، چھ خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔ اس واقعے میں شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

كاسروڈولي کے رہنے والے حسنین واریكر نے سنیچر کی رات اپنی بہنوں کو دعوت پر بلایا تھا۔

حسنین کی چار بہنیں ہیں جس میں سے ایک ممبئی کے کوپر كھیرنی میں اور تین بھیونڈی میں رہتی تھیں۔ تمام بہنیں اپنے بچوں کے ساتھ حسنین کے گھر آئی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAshwin Aghor

ضلع تھانے کے پولیس کمشنر پرم ویر سنگھ نے بتایا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کے پیچھے کوئی خاندانی تنازع ہے لیکن حقیقی وجہ پوری جانچ کے بعد ہی معلوم ہو پائے گی۔‘

حسنین ممبئی کی ایک نجی ٹیکس کی کمپنی میں بطور مشیر ملازمت کرتے تھے۔

پرم ویر سنگھ نے کہا کہ اس قتل میں حسنین کی ایک بھانجی بچ گئی ہے جسے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان کی بھانجی کی حالت نازک ہے اور اگر ان کی حالت میں بہتری آتی ہے تو وہ اس واقعے پر روشنی ڈال سکتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کو رات دیر تک حسنین کے گھر پر دعوت چل رہی تھی لیکن رات کےقریب ایک بجے گھر سے چلّانے کی آوازیں آنے لگیں۔

،تصویر کا ذریعہAshwin Aghor

اس کے بعد پڑوسی گھر کے قریب جمع ہوگئے۔ جب کافی دیر تک کسی نے دروازہ نہیں کھولا تو پھر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کے پولیس افسر موقع پر پہنچے اور جانچ پڑتال شروع کر دی۔

پولیس کو خدشہ ہے کہ شاید حسنین نے کھانے میں کوئی نشہ آور شے ملا کر سب کو پہلے بے ہوش کر دیا تھا اور پھر ایک بڑے چاقو سے گلا کاٹ کر سب کو قتل کر دیا۔

قتل کرنے کے بعد حسنین نے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔

پولیس جب دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی تب سارے گھر میں لاشیں بکھری پڑی تھیں اور ہاتھ میں چاقو لیے حسنین کی لاش چھت سے لٹک رہی تھی۔