کینیڈا کے شہری پر چین میں جاسوسی کی فرد جرم عائد

،تصویر کا ذریعہAFP Simeon Garratt
چین میں سرکاری ذرئع ابلاغ کے مطابق سنہ 2014 میں حراست میں لیے جانے والے کینیڈا کے شہری پر چین کے راز چوری کرنے کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شن ہوا کے مطابق کیون گیراٹ نامی کینیڈین شہری پر لیاننگ صوبے کے ڈینڈوگ شہر میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
شن ہوا کا کہنا ہے کہ حکام کوایسے شواہد ملے ہیں جن کے مطابق گیراٹ کو کینیڈا کے خفیہ اداروں کی جانب سے چین میں خفیہ معلومات اکٹھی کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
کینیڈا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسے اس معاملے پر تشویش اور وہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ کیون گیراٹ اور ان کی اہلیہ جولی کو اگست 2014 میں حراست میں لیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کی اہلیہ کو چھوڑ دیا گیا تھا۔
گیراٹ کے بیٹے سمیون کا کہنا ہے کہ ان کے والدین ایک کافی شاپ چلاتے تھے اور ساتھ میں شمالی کوریا کے عیسائی اداروں کے لیے امدادی کام کرتے تھے۔
کینیڈا کی وزارت خارجہ کے ترجمان فرانسس لیزلی کا کہنا ہے کہ ’کینیڈا کی حکومت نے چینی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا ہے۔ ہم چینی حکام اور گیرٹ کے خاندان والوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس معاملے پر ہونے والی پیش رفت کا قریبی سے جائزہ لے رہے ہیں۔‘



