کابل میں کار خودکش دھماکہ، سات میڈیا کارکنان ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک کار خود کش دھماکے میں میڈیا کی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سات صحافی ہلاک ہو گئے ہیں۔
جس بس کو نشانہ بنایا گیا اس میں کبورہ میڈیا گروپ کے صحافیوں کے علاوہ طلوع ٹی وی اور طلوع نیوز کے کارکن بھی سوار تھے۔
اس کار خود کش حملے میں سات میڈیا کارکنان ہلاک جبکہ عام شہریوں سمیت بیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
طلوع ٹی وی نے ٹویٹ میں کہا ’دارالامان روڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں ہمارے سات کارکنان ہلاک ہوئے ہیں۔‘
طلوع ٹی وی کے رپورٹر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ اب بھی زندہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
طلوع ٹی وی کے نیوز سیکشن کے ایک اور کارکن نے کہا کہ ان کے کئی ساتھی اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں اور ان کو قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب چند ماہ قبل طالبان نے اعلان کیا تھا کہ طلوع ٹی وی اور ون ٹی وی ان کے نشانے پر ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قندوز پر طالبان کے قبضے کی کوریج کے حوالے سے طالبان طلوع ٹی وی سے ناخوش ہیں۔
اس سے قبل خبریں گردش کر رہی تھیں کہ روس کے سفارتخانے پر حملہ کیا گیا ہے لیکن بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ میڈیا کو نشانہ بنایا گیا ہے۔







