کابل ہوائی اڈے کے قریب دھماکہ، ایک ہلاک
کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب سوموار کو ہونے والے خود کش بم حملے میں کم از کم ایک شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس دھماکے میں 13 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کابل پولیس کے سربراہ جنرل رحمٰن رحیمی کا ذرائع ابلاغ کے نمائندؤں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ اس دھماکے کے نتیجے میں ہمارا ایک شہری ہلاک اور 13 دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔‘
افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ دھماکہ ہوائی اڈے کے مشرقی داخلی گیٹ کے قریب ہوا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بم دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا حدف غیر ملکی افواج کا قافلہ تھا۔
خیال رہے کہ پچھلے ہفتے بگرام ایئر فیلڈ کے قریب طالبان کے ایک خود کش حملے میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
بگرام ایئر فیلڈ سے کچھ فاصلے پر حملہ آور نے باورد سے لدی اپنی موٹر سائیکل امریکی فوجی گاڑی سے ٹکرا دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دریں اثناء افغانستان کے شمالی صوبے قندہار میں بچوں کو پولیو کی ویکسین پلانے والی رضاکار خاتون کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔







