’پاکستان شہری مانے تو رمضان کو بھیجنے کے لیے تیار ہیں‘

،تصویر کا ذریعہs. niyazi
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے مدھیہ پردیش کے درالحکومت بھوپال میں رہنے والے لڑکے رمضان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ اگر پاکستان رمضان کو اپنا شہری تسلیم کرتا ہے تو بھارت اسے پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
رمضان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے شہر کراچی کا رہنے والا ہے تاہم اس کے پاس اس کے شواہد نہیں ہیں۔
سشما سوراج نے ٹوئٹر پر یہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ’رمضان اپنی ماں کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔‘
انھوں نے ٹویٹ کیا: ’آج میں بھوپال میں رمضان سے ملی۔۔۔اگر پاکستان رمضان کو اپنا شہری تسلیم کرتا ہے تو ہمیں اسے پاکستان بھیجنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے اپنی اور رمضان کی تصویر بھی ٹویٹ کی ہے۔
رمضان اس وقت غیر سرکاری ادارے ’آرمبھ‘ نامی چلڈرن ہوم میں رہ رہا ہے اور جلد از جلد کراچی جانے کی آس لگائے بیٹھا ہے۔
اس سے قبل رمضان کے متعلق دستاویزات کی کمی کے سبب اسے واپس بھیجنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہMEA INDIA
خیال رہے کہ پاکستان میں کئی برسوں تک رہنے والی لڑکی گیتا جب بھارت آئی تھی تب بھی انھوں نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رمضان کے مطابق وہ کراچی کا رہنے والا ہے اور رمضان کے والد چند سال قبل اسے پاکستان سے بنگلہ دیش لے گئے تھے۔
رمضان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پہنچ کر ان کے والد نے دوسری شادی کر لی اور وہ بنگلہ دیش کی سرحد عبور کرتا ہوا ہندوستان پہنچ گیا۔
سشما سوراج پیر کو اندور میں پاکستان سے بھارت آنے والی لڑکی گیتا سے بھی ملاقات کرنے والی ہیں۔
گیتا ایک دہائی سے زیادہ وقت پاکستان میں رہنے کے بعد گذشتہ ماہ بھارت لوٹی ہیں۔
بھارت کے کئی خاندان نے دعوی کیا تھا کہ گیتا ان کی بیٹی ہے لیکن ڈی این اے ٹیسٹ میں ان کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔
گیتا کو ابھی بھی بھارت میں اپنے خاندان کی تلاش ہے۔







