بنگلہ دیش میں پبلشر کو قتل کر دیاگیا

،تصویر کا ذریعہfocus bangla
بنگلہ دیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکہ میں سیکولر کتب شائع کرنے والے ایک ناشر پردن دھاڑے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔
43 سالہ فیصل عرفین ڈپون پر سنیچر کو دارالحکومت ڈھاکہ میں واقع ان کے دفتر میں حملہ کیاگیا جس میں وہ ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں رواں برس فروری میں مذہبی انتہا پسندی کے خلاف لکھنے والے امریکی بلاگر اویجیت رائے کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق بنگلہ دیشی نژاد امریکی اویجیت رائے کو نامعلوم افراد نے چاقو سے وار کر کے قتل کیا تھا۔
اوجیت رائے نے ’مکتو مونا‘ یعنی آزاد ذہن کے نام سے بلاگ سائٹ قائم کی تھی جس میں لبرل سکیولر تحریر شائع کی جاتی تھی۔
40 سالہ رائے گذشتہ دو سالوں میں بنگلہ دیش میں مارے جانے والے دوسرے بلاگر ہیں جبکہ سنہ 2004 کے بعد سے وہ چوتھے مصنف ہیں جنھیں قتل کیا گیا ہے۔



