عالمی بازار میں دھوم مچاتا ’چینی کیویار‘

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں کھانے کی سب سے مہنگی شے کیا ہے اور اس کا چین سے کیا تعلق ہے؟
گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کی سب سے مہنگی خوراک کیویار ہے جس کی فی کلو قیمت تقریباً 34 ہزار ڈالر یعنی 34 لاکھ روپے تک لگائی گئی ہے۔
كیويار سٹرجن نامی خاص قسم کی مچھلیوں کے انڈے ہوتے ہیں اور عموماً ان کی قیمت چھ سے دس ہزار ڈالر فی کلو تک ہوتی ہے۔
یہ انڈے دینے والی مچھلیاں پہلے تو صرف بحیرۂ اسود اور بحیرۂ کیسپیئن میں پائی جاتی تھیں اور دو دہائی قبل تک ایران اور روس كیويار کے سب سے بڑے پیداواری اور برآمد کنندہ ممالک تھے۔
لیکن ان مچھلیوں کو اب بہت سے دوسرے مقامات پر جھیلوں میں بھی پالا جا رہا ہے اور ’میڈ ان چائنا‘ کے ٹیگ والے ان مچھلی کے انڈوں نے تیزی سے عالمی بازار میں جگہ بنائی ہے۔
2006 کے بعد سے اس بازار میں تیزی سے جگہ بنانے والا چین اب ان انڈوں کا سب سے بڑا پیداواری ملک بننے والا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اب یہ ’چینی انڈے‘ دنیا بھر کے اچھے ریستورانوں کے مینیو میں شامل ہیں۔
چین کے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں لگژري فوڈ فراہم کرنے والی کمپنی گورمے فان فوڈز کے جنرل مینیجر جورجيو براڈنیلي کا کہنا ہے کہ ’پانچ سال پہلے تک ان انڈوں کا ذائقہ کیچڑ جیسا تھا لیکن اب ان کے معیار کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ دو تین سال سے یہ کافی بہتر ہو گیا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اٹلی کے بازار میں مچھلی کے انڈے ’ارسٹوكریٹ‘ نامی برانڈ کے نام سے بکتے ہیں.۔ یہ چین سے منگوائے گئے کیویار ہی ہیں جن میں اطالوی نمک ملایا جاتا ہے۔
چین میں کیویار کی پیداواری کمپنیوں کی نظر بنیادی طور پر غیر ملکی بازار پر ہی ہے، لہٰذا پیداوار کا 70 فیصد حصہ برآمد کیا جاتا ہے لیکن چین میں امرا کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے اس شرح میں کمی کا امکان ہے۔







