لاپتہ امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا

 نیپال میں ایک درجن سے زائد امریکی فوجی جہاز زلزلے سے متاثر علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں شریک ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشن نیپال میں ایک درجن سے زائد امریکی فوجی جہاز زلزلے سے متاثر علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں شریک ہیں

نیپال میں حکام کے مطابق گذشتہ ہفتے لاپتہ ہونے والے ایک امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ چین کی سرحد کے قریب مل گیا ہے۔

یہ امریکہ ہیلی کاپٹر نیپال میں آنے والے زلزلے کے بعد وہاں امداد پہنچانے کے دوران لاپتہ ہو گیا تھا۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چھ امریکی اور دو نیپالی سپاہی سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں ’کسی کے بچ جانے کا کوئی چانس‘ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں منگل کو آنے والے 7.3 شدت کے زلزلے میں کم سے کم 110 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے پہلے 25 اپریل کو بھی نیپال میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 8,000 سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔

نیپال ٹائمز کے ایڈیٹر کونڈا ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے 56 کلو میٹر کے فاصلے پر ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ نیپال کے کلنکوچ نامی گاؤں کے پہاڑی علاقے سے ملا۔

حکام کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹر نیپال میں آنے والے دوسرے زلزلے کے چند گھنٹوں بعد ہی لاپتہ ہو گیا تھا۔

امریکی فوج کے ایک کرنل سٹیو وارن کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم اس ہیلی کاپٹر کے قریب ایک بھارتی ہیلی کاپٹر کے ریڈیو سے ملنے والے اطلاع کے مطابق کہ حادثے کی وجہ ایندھن کی خرابی ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں ایک درجن سے زائد امریکی فوجی جہاز زلزلے سے متاثر علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں شریک ہیں۔