سری لنکن صدر کے بھائی کلہاڑی کے وار سے ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پولیس کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے صدر میتھریپالا سری سینا کے بھائی کلہاڑی کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پرینتھا سری سینا پر ان کے آبائی علاقے پولوناروا میں ہونے والے حملے میں ان کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی۔
کولمبو گزٹ کے مطابق ان کا کسی سے ذاتی جھگڑا تھا اور حملے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سری لنکا کے صدر اس وقت سرکاری دورے پر چین میں ہیں۔
صدر کے سب سے چھوٹے بھائی جو ایک تاجر تھے، وہ جمعرات کے روز حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔
حکومت کے جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وہ اپنے دوست کے ساتھ جھگڑے میں زخمی ہوئے تھے۔‘
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کو علاج کے لیے کولمبو منتقل کیا گیا تھا جہاں پر ان کے سر کے زخموں کا آپریشن ہوا تھا مگر وہ پھر بھی جانبر نہ ہوسکے اور سنیچر کو دم توڑ گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 42 سالہ پرینتھا سری سینا 12 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ صدر میتھریپالا سری سینا رواں جنوری میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں ایک کانٹے کے مقابلے کے بعد منتخب ہوئے تھے۔
سابقہ سری لنکن صدور کے برعکس انھوں نے اپنے خاندان والوں کو سرکاری سکیورٹی فراہم نہیں کی اور اپنی ذاتی سکیورٹی میں بھی خاصی کمی کی ہے۔







