دہلی میں چبانے والے تمباکو پر پابندی

 محکمہ صحت نے گزشتہ سال چبائے جانے والے تمام طرح کے تمباکو پر پابندی کے لیے ایک نئی تجویز پر کام کرنا شروع کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن محکمہ صحت نے گزشتہ سال چبائے جانے والے تمام طرح کے تمباکو پر پابندی کے لیے ایک نئی تجویز پر کام کرنا شروع کیا تھا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پیر سے ہر طرح کے چبائے جانے والے تمباکو کی مصنوعات جیسے گٹكھا، كھیني اور ذردا کی خرید وفروخت اور ذخیرہ کرنے پر پابندی لگانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے حوالے سے کہا، ’ہم نے دہلی میں پیر سے چبائے جانے والے تمباکو پر پابندی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت، کسی کو بھی چبائے جانے والے تمباکو کی فروخت، خرید یا ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس پابندی کو یقینی بنانے کے لیے دہلی پولیس کی انفورسمنٹ ٹیم کے ساتھ محکمۂ صحت کو شہر میں چھاپے مارنے کو بھی کہا گیا ہے۔

ستیندر جین نے کہا، ’ ٹیم کو اس پر فعال رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔‘

محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ستمبر 2012 میں دہلی کی حکومت کا ایک نوٹیفکیشن آیا تھا جو شہر میں گٹكھا پر پابندی عائد کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ پابندی میں ’گٹكھا‘ لفظ کا ذکر تھا، اس لیے تمباکو کے پرچون فروشوں نے الگ الگ پیکٹوں میں گٹكھا میں شامل چیزوں (سپاری اور تمباکو) کو بیچنا شروع کر دیا۔ لہذٰا، گٹكھے پر پابندی کارگر نہیں ہو سکی۔

دہلی میں محکمہ صحت نے گذشتہ سال چبائے جانے والے تمام طرح کے تمباکو پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایک نئی تجویز پر کام کرنا شروع کیا تھا۔